اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے صوبائی آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکبآباد بائی پاس کے اطراف کے شدید پسماندہ دیہات کا دورہ کیا، جہاں غربت، بے روزگاری اور سرد موسم کے باعث مشکلات کا شکار بچوں میں موسمِ سرما کے گرم کپڑے اور جوتے تقسیم کیے گئے۔ دیہات کے مکینوں نے سماجی خدمت کے اس اقدام پر علامہ ڈومکی اور تنظیم کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً چالیس فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی بسر کر رہی ہے اور بہت سے گھرانے ایسے ہیں جو سردی سے بچاؤ کے لیے کمبل یا گرم کپڑے خریدنے کی بھی استطاعت نہیں رکھتے۔
علامہ ڈومکی نے اہلِ خیر سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر بے سہارا خاندانوں کا سہارا بنیں اور سماجی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی ساری توجہ مراعات میں اضافے اور اختیارات کے پھیلاؤ پر ہے، جبکہ عوام فاقہ کشی کا شکار ہیں۔ “آئین میں ترامیم ہو رہی ہیں، مگر غریب عوام حکمرانوں کے ایجنڈے میں کہیں شامل نہیں ہیں،” انہوں نے کہا۔
بعد ازاں علامہ مقصود علی ڈومکی دلاور ٹاؤن پہنچے، جہاں انہوں نے اسد علی تالانی کو ڈی آئی پی کا تحصیل صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑا اعزاز ہے، اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ بغیر تفریق دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا مشن بنائیں، کیونکہ حقیقی قیادت وہی ہے جو عوام کے دکھ درد میں شریک ہو۔
آپ کا تبصرہ